نوائے وقت کے 81 سال اور میری نیاز مندی
Mar 23, 2021

بے باک اور نظریاتی صحافت کے علمبردار نوائے وقت کے آبرو مندی والے صحافتی سفر کے 81 سال مکمل ہوئے ہیں اور آج -23 مارچ کو ملک کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ و امین اس اخبار نے اپنے سفر کے 82 ویں سال میں قدم رکھا ہے تو اس کی ہم سفری میں گزرے میرے 40 سال بھی میرے لئے استقامت اور فخر و انبساط کا باعث بنے نظر آ رہے ہیں۔ مجھے یہ کہنے میں کوئی حجاب نہیں کہ نوائے وقت میرا شعور، میرا وجدان ، میرا مان ، میرا رومان اورمیرا خاندان ہے۔ اپنے صحافتی سفر کے اب تک 46 برس میں سے 40 برس نوائے وقت کے تناور درخت کے سائے میں گزر گئے ، کتنی آندھیاں گزریں ، کتنے تھپیڑے آئے ، کتنے جھکڑ چلے ، کتنی مارا ماری ہوئی ، کتنی آہ وزاری ہوئی ، عزم ٹوٹا نہیں ، ساتھ چھوٹا نہیں ، نظریے کو مارنے کی تمنا رکھنے والوں نے سو جتن کئے ، اصول کو بے اصولی میں ڈھالنے والوں نے لاکھ ترغیبات دیں ، نوائے وقت کے پائے استقلال میں کوئی لغزش پیدا نہ کر سکا۔ میرا یہ خاندان باوقار رہا۔ اس کا بھرم برقرار رہا۔ کیوں؟ اس لئے کہ خاندان کی سربراہی زمانے کی اونچ نیچ میں عزت و وقار کے ساتھ سر اٹھا کر چلنے اور اپنے خاندان کی آبرو مندی قائم و برقرار رکھنے کی خدا داد صلاحیتوں سے مالا مال تھی۔ اس لئے کہ قائد اعظم کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے تحریک پاکستان کے نامور کارکن اور طالب علم رہنما حمید نظامی نے .23 مارچ 1940ء کو جس جذبے کے ساتھ پاکستان کا ترجمان اخبار نکالنے کا بیڑا اٹھایا تھا اور صحافتی اقدار اور اصولوں کی جو راہیں متعین کی تھیں، مرتے دم تک وہ خود بھی اس پر کاربند رہے اور پھر اس خاندان کی سربراہی کی ذمہ داری اپنے باوقار برادر خورد مجید نظامی کو سونپتے ہوئے اپنی متعین کردہ صحافتی اقدار اور اصولوں کو بھی بطورورثہ انہیں منتقل کر دیا۔ 25 فروری 1962ء سے .26 جولائی 2014ء کو اپنی وفات کے دن تک جناب مجید نظامی نے جس جذبے ، جس لگن اور جس دیانت کے ساتھ اپنے برادر بزرگ کے ودیعت کردہ ورثے کی حفاظت کی ، اسے پروان چڑھایا ، مستحکم بنایا اور پھر اس کے ساتھ وابستہ اپنے خاندان ہی نہیں ، ملک و ملت کیلئے بھی اسے ایک تناور شجر سایہ دار بنایا، یہ انہی کا کارنامہ ہے۔ مسابقت کی دوڑ میں اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے ، جھکڑوں ، طوفانوں کا سامنا اور مقابلہ کرتے ہوئے سرخروئی کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھنا کوئی معمول کی اور معمولی بات نہیں۔ انہی کے دیئے ہوئے عزم نے ان کی بیٹی رمیزہ مجید نظامی کے دل میں بھی اس عزت و آبرو والے صحافتی سفر کو مزید مضبوط اور مزید مربوط بنانے کی لگن پیدا کی چنانچہ نوائے وقت گروپ کا باوقار صحافتی سفر آج بھی اسی آن ، بان ، شان سے جاری و ساری ہے اور ملک کے سرکشوں اور نظریاتی دشمنوں کے سینوں پر مونگ دلتا رہے گا۔ 

آج اس جہدِ مسلسل والے کٹھن سفر کے 81 سال پورے ہوئے ہیں تو اپنی ہم سفری کے 40 سال کا جائزہ لیتے ہوئے میرا سر فخر سے بلند ہو جاتا ہے کہ میں جو سوچ کر میدان صحافت میں آیا تھا ، نوائے وقت کے شریکِ سفر نہ ہوتا تو اصولوں کی پاسداری کا شعور، شعار اور چلن کبھی نہ سیکھ پاتا اور اس خاندانِ نوائے وقت کی سربراہی جناب مجید نظامی کے پاس نہ ہوتی تو اصولوں کی پاسداری کہیں ٹامک ٹوئیاں ہی مار رہی ہوتی۔ 

طالب علمی کے زمانے میں ہی ادب و صحافت کی خدمت کا کیڑا دماغ میں سما گیا تھا۔ گورنمنٹ کالج ساہیوال سے گریجویشن کے بعد 1974ء میں لاہور آیا اور والد مرحوم کی خواہش کے مطابق وکالت کیلئے پنجاب یونیورسٹی لاء کالج میں داخلہ لے لیا تو بھی ادب و صحافت کی خدمت کا جذبہ ماند نہ پڑا۔ 1975ء میں تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ روزنامہ وفاق میں بطور سب ایڈیٹر کام کرنیکا موقع بھی مل گیا۔ وفاق کا دفتر مال روڈ کی شاہ دین بلڈنگ میں قائم تھا جہاں پہلے نوائے وقت کا دفتر ہوا کرتا تھا۔ اولین خواہش نوائے وقت کے پلیٹ فارم پر ہی ادب و صحافت کی خدمت کرنے کی تھی چنانچہ شاہ دین بلڈنگ میں روزنامہ وفاق میں کام کرنے کا موقع ملا تو یہ سوچ کر ہی دل کی تسکین کا اہتمام ہو گیا کہ اس بلڈنگ میں میرا صحافتی آئیڈیل نوائے وقت بھی آسمان صحافت پر جگمگاتا رہا ہے۔ اسی عرصے کے دوران ایک رات خواب ہی خواب میں خود کو نوائے وقت کا کالم نگار پایا۔ صبح اٹھا تو حوصلہ مندی اور عزم سے سرشار تھا۔ 1977ء میں نوائے وقت میں شمولیت کی اولین کوشش ناکام ہو گئی کہ بشیر احمد ارشد صاحب جو ہفت روزہ استقلال کی ایڈیٹری سے ہوتے ہوئے نوائے وقت کے ڈپٹی ایڈیٹر کے منصب پر فائز ہوئے تھے ، وفاق میں میرے ساتھ بزرگانہ شفقت کے باوجود نوائے وقت میں شمولیت کیلئے میرے کچھ کام نہ آ سکے اور پھر 1977ء ہی میں پی این اے کی تحریک کے دوران تحریک استقلال کے ترجمان کے طور پر دوبارہ جنم لینے والے روزنامہ آزاد نے مجھے ہائیکورٹ رپورٹر کے ساتھ ساتھ کالم نگار بھی بنا دیا چنانچہ میرا کالم نگار بننے کا خواب 1977ء میں ہی پورا ہو گیا اور وہ بھی ادارتی صفحے پر لیڈنگ کالم نگار کی حیثیت سے۔ ’’آزاد‘‘ سے ’’صداقت‘‘۔ پھر وفاق میں واپسی اور پھر 1981ء میں جنگ کے لاہور سے اجراء کے ساتھ ہی ایم ارشد کی قیات میں وفاق نیوز ڈیسک کی پوری ٹیم کے ساتھ جنگ سے وابستگی تک صحافتی سفر کے چھ سال بیت گئے۔ نوائے وقت میں پہلے ہی درخواست گزاری ہوئی تھی۔ جنگ سے وابستگی کے دو ہفتے بھی نہیں گزرے تھے کہ نوائے وقت سے تحریری بلاوا آ گیا۔ یوں محسوس ہوا جیسے بھٹکتے راہی کو منزل مل گئی ہو۔ کنواں خود ہی پیاسے کے پاس آ گیا ہو۔ فیصلہ کرنے میں ایک لمحہ بھی ضائع نہ کیا۔ اپنا استعفیٰ نیوز ایڈیٹر ایم ارشد کے حوالے کیا اور علامہ اقبال روڈ پر عارضی طور پر قائم کئے گئے جنگ کے دفتر سے باہر نکل کر سیدھا نوائے وقت کے آفس میں آ کر دم لیا۔ 6 ستمبر 1981 ء کا وہ دن اور آج 23 مارچ 2021 ء کا دن میرے اس عزم کی صداقت کی گواہی دے رہا ہے جو میں نے نوائے وقت کی ہمسفری میں ادب و صحافت کی خدمت کیلئے باندھا تھا۔ دل میں یہی طے کیا تھا کہ صحافت کرنی ہے تو صرف نوائے وقت کے ساتھ۔ خدا وند کریم کے حضور دعا گو ہوں کہ وہ مجھے اپنے اس عہد کے ساتھ کھڑے رہنے کی استقامت دئیے رکھے۔ صحافت کے اس خاندان کے ساتھ وابستہ رہ کر مجھے جو عزت ملی ہے۔ وہی میری زندگی کا اصل اثاثہ ہے اور آج کا دن میرے لئے فخر و سربلندی کا پیغام ہے کہ عظمت و عزیمت کی علامت نوائے وقت کے 82 ویں سال کے سفر میں مجھے بھی 40 سالہ ہمسفری کا اعزاز حاصل ہو گیا ہے۔ ان 40 برسوں پر محیط یادیں اتنی ڈھیر ساری ہیں کہ سمٹنے کیلئے چند صفحات کا نہیں ، پوری ایک کتاب کا تقاضہ کر رہی ہیں۔ بشرط زندگی یہ تقاضہ بھی ضرور پورا کروں گا۔ فی الحال صرف یہ گواہی دے رہا ہوں کہ دنیائے صحافت میں جناب مجید نظامی کے پائے کا کوئی صحافی کہیں ڈھونڈے سے بھی نہیں ملے گا۔ وہ صحافتی امپائر کے مالک ہی نہیں ، ایک مکمل اور بھرپور ایڈیٹر بھی تھے۔ اصولوں کے پاسدار ہی نہیں ، اپنے ساتھ وابستہ خاندان کی کفالت کیلئے کاروباری اسرار و رموز سے بھی مکمل آگاہ رہے۔ وہ فی الواقع آبروئے صحافت اور امام صحافت تھے۔ قول کے پکے اور ملک و ملت کے ساتھ خالص اور سچے۔ اپنے کام کے ساتھ ان کے اخلاص اور ذمہ دارانہ استواری کا اندازہ اس سے ہی لگایا جا سکتا ہے کہ اپنی عمرِ عزیز کی آٹھ دہائیاں گزار کر بھی ، دل کے تین بائی پاس کرا کر بھی اور ملک و قوم کے استحکام و بقاء کیلئے مسلسل فکر مندی سے دوچار رہ کر بھی وہ باغ میں کھلے ، خوشبو دیتے پھول کی طرح تروتازہ رہے۔ کبھی تکان کا احساس نہ ہونے دیا۔ نوائے وقت کے ساتھ ساتھ اپنے ہاتھوں سے لگائے پودوں نیشن، ندائے ملت ، فیملی ، پھول اور وقت نیوز کی بھی ہمہ وقت پرورش و نگرانی کرتے رہے اور انہیں تناور درخت بنایا۔ اپنی امپائر کے کسی ادارے کی کوئی خامی ان سے چھپی نہیں رہ سکتی تھی۔ اس لئے ان کی نگرانی میں اصلاح کا عمل بھی ساتھ ساتھ چلتا رہتا۔ نوائے وقت کے ادارتی اور نیوز کے صفحات پر شائع ہونے والے اکثر مضامین اور کالموں کی وہ روزانہ خود ایڈیٹنگ کرتے اور کم و بیش ہر کالم اور مضمون میں کوئی لفظ یا فقرہ ایسا ڈال دیتے کہ وہی ’’حاصلِ غزل‘‘ بن جاتا۔ ان کی تحریر و تقریر میں بذلہ سنجی چھلکتی اور پھڑکتی نظر آتی۔ اداریہ اور شذرات کیلئے روزانہ گائیڈ لائین دینا اور پھر پروف کی غلطیوں کی نشاندہی سمیت ان کی ایڈیٹنگ کرنا بھی انہوں نے اپنے روزانہ کے فرائض منصبی کا حصہ بنایا ہوا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ ایوان کارکنان تحریک پاکستان میںکم و بیش روزانہ منعقد ہونے والی تقریبات میں شمولیت اور اس ادارے کی سرپرستی بھی ان کے روزمرہ کے معمولات کا حصہ بن گئی ، پھر بھی شاید ہی کوئی دن ایسا ہو گا جب شعبۂ ادارت کی روزانہ کی میٹنگ کی انہیں فرصت نہ ملی ہو۔ میٹنگ کے وقت کسی اور جگہ مصروف ہوتے تو دفتر سے گزرتے ہوئے بھی اداریہ اور شذرات کیلئے گائیڈ لائن دے جاتے یا کم از کم ٹیلی فون پر تو ضرور رابطہ رکھتے۔ لاہور سے باہر جاتے تو بھی ہیڈ آفس میں ان کی موجودگی کا احساس برقرار رہتا ۔ شعبۂ ادارت ہی نہیں ، نیوز ڈیسک ، رپورٹنگ اور میگزین سے لے کر شعبۂ اکائونٹس، سرکولیشن ، اشتہارات ار پریس کی بھی خود نگرانی کرتے جو شعبۂ صحافت کے ہر فیلڈ میں ان کی مشاقی و مہارت کا بین ثبوت ہے۔ ایسی نابغۂ روزگار ہستیاں کسی معاشرے کی آبرو مندی کی ضمانت اور علامت ہوا کرتی ہیں اور آبرومندی سے لبریز نوائے وقت کے 81 برس میں حمید نظامی کے سانحۂ ارتحال کے بعد .25 فروری 1962ء  سے 26 جولائی 2014ء ان کی رحلت تک اور اس سے پہلے چھ سات سال لندن میں اپنے اخبار کی بھرپور نمائندگی اور اس سے پہلے 1950ء سے 1954ء تک اپنے بھائی حمید نظامی مرحوم کی نگرانی میں سرراہے کا کالم اور اس سے بھی پہلے نوائے وقت جب ہفتہ وار تھا اس کی ’’انتظامیہ‘‘ میں شمولیت مجید نظامی کی صحافت کے کٹھن و خوشگوار ادوار کی کھلی گواہی ہے۔ ایسی نابغۂ روزگار ہستیاں خال خال ہی پیدا ہوتی ہیں۔ آج کا .23 مارچ جہاں ہم سے قراردادِ لاہور کی روشنی میں قیام پاکستان کے اصل مقاصد اجاگر کرنے کا متقاضی ہے وہیں اس قرارداد کے ساتھ ہی جنم لینے والے اخبار نوائے وقت کی پیشۂ صحافت میں استقامت اور سربلندی کے لئے بھی ہمیں دعاگو رہنا ہے۔
    Bookmark and Share   
       Copyright © 2010-2011 Saeed Aasi - All Rights Reserved info@saeedaasi.com